بنگلورو،3؍مارچ(ایس او نیوز) ملک میں دائیں بازو کی متشدد فکر زور پکڑتی جارہی ہے ۔ عوام کو گمراہ کرنے کی منظم سازش رچی جارہی ہے۔ مرکزی حکومت کے بی جے پی قائدین پاکستان کی مانند بھارت کو بھی کبھی انتہا پسند ملک میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ خود حکومت وقت غلط راہ پر چل پڑے توملک کا مستقبل کیا ہوسکتا ہے؟ یہ باتیں کے پی سی سی کے صدر دنیش گنڈو راؤ نے کہیں ۔
شہر کے گنان جیوتی آڈیٹوریم میں کے پی سی سی لیگل یونٹ کی جانب سے منعقدہ ’’کانگریس لوک سبھا انتخابات پر تبادلہ خیال ‘‘اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں فرقہ پرست پارٹی بر سراقتدار ہے ۔ فرقہ پرستوں کی حکمرانی ہے ۔ ذرائع ابلاغ کو دہشت و خوف میں مبتلا کردیا گیا ہے کہ وہ فرقہ پرست حکومت کے خلاف آواز نہ اٹھائے ، فرقہ پرستی کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کرنے سے متعلق خوف کا ماحول پیدا کردیا گیا ہے۔ ہندتوا ملک کی تعمیر کیلئے جئے رام کے نام پر عوام کو قتل کیاجارہا ہے۔ جھوٹ کو سچ کے طور پر پیش کرنے کی منظم سازش شروع کردی گئی ہے۔ بی جے پی جھوٹ کو سچ منوانے پر کام کرنے لگی ہے۔ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں پھر سے بی جے پی بر سراقتدار آنے کی صورت میں ملک تباہ و تاراج ہوجائے گا ۔انہوں نے عوام کوآگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی سے ہوشیار رہیں ،دوبارہ برسر اقتدار لانا ملک کو تباہی کے دہانے لے جانا ہے۔دنیش گنڈو راؤ نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کھانے پینے اور پہننے پر بھی پابندی عائد کی جارہی ہے ۔ ملک ڈکٹیٹرشپ اور آمرانہ طرز حکومت کے نتیجہ میں پھنس گیا ہے ۔ ملک میں پیدا ہوئی غلط اور تباہ کن فکر کی بیخ کنی کے ساتھ خراب حکومت کو بھی جڑ سے اکھاڑ پھینکناچاہئے۔مرکزی بی جے پی انکم ٹیکس ( آئی ٹی) اور سی بی آئی جیسے دستوری اداروں کاناجائز استعمال کیا جارہی ہے ۔ اس کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو دھونس دھمکیوں سے خاموش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ حقوق انسانی کی کھلے عام خلاف ورزی ہورہی ہے۔ کلبرگی ، پنسارے ، دابولکر اور گوری لنکیش جیسے روشن خیال مفکرین کو موت کے گھاٹ اتارنے والے کون ہیں؟ ان دانشوروں کوقتل کیوں کیا گیا، کس نے کیا ؟یہ سب دائیں بازو کی انتہا پسندانہ سوچ کا نتیجہ ہے ۔ جمہوریت اور جمہوری اصولوں کی بات کرنے والوں کو بی جے پی قائدین ملک دشمن قرار دے رہے ہیں ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں فرقہ پرست پارٹی کو یاد گار سبق سکھانے کی ضرورت ہے۔ کانگریس پارٹی سے ہی وزیر اعظم منتخب کئے جانے سے فرقہ پرست پارٹی کو اقتدار سے بے دخل کرنااہم ہے ۔ اس سلسلہ میں ملک کے عوا م کو آگاہ ہونا چاہئے ۔ اس موقع پراے آئی سی سی کے سکریٹری مدھو یسکی گوڈا، رکن اسمبلی سومیا ریڈی ،کے پی سی سی لیگل یونٹ کے صدر دھننجے وکلاء سمیت دیگر شریک رہے۔